اوورسیز پاکستانی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خیرسگالی سفیر ہیں، جمہوری اداروں کے مابین مسلسل رابطہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتا ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی لندن میں برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد یاسین سے ملاقات

پیر 6 اکتوبر 2025 18:51

اوورسیز پاکستانی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خیرسگالی   سفیر ہیں، ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خیرسگالی سفیر ہیں، جمہوری اداروں کے مابین مسلسل رابطہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لندن میں برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد یاسین سے ملاقات میں کیا، ملاقات میں پارلیمانی اداروں کے درمیان وفود کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون پر گفتگو کی گئی، ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ پر زور دیا ، چیئرمین سینیٹ نے برطانوی پارلیمان میں پاکستانی نژاد ارکان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کے سفیر ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی برادری پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے، جمہوری اداروں کے مابین مسلسل رابطہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتا ہے۔

محمد یاسین نے پاکستان کی پارلیمانی روایات اور جمہوری اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے سرگرم رہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے، برطانیہ کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتی ہے ، ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔