کمشنر کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے امور پر اجلاس

پیر 6 اکتوبر 2025 18:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن کے امور پر اجلاس منعقد ہوا۔ اس دوران ترقیاتی سکیموں، فیسوں کی ریکوری، نقشہ جات کی منظوری اور بلدیاتی امور کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو کاشف اعوان، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سیف اللہ جاوید، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر امیر مسلم، سی ای او میونسپل کارپوریشن شفیق سعید، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ رہائشی و کمرشل عمارات اور ہاؤسنگ سکیموں کے نقشہ جات کی منظوری کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہری اپنے منصوبے بروقت مکمل کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں، ٹف ٹائلز اور کرب اسٹون کی تنصیب میں معیار، شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران شہر کی ترقی، صفائی ستھرائی، روشنی، سڑکوں کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی کے کاموں میں ذمہ داری سے کردار ادا کریں۔

کمشنر نے فیسوں اور دیگر محصولات کی ریکوری بہتر بنانے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ مالی نظم و ضبط مضبوط ہو اور شہری سہولیات کے منصوبے مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ عوامی سہولت اور شہری مسائل کا حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ہر افسر اپنے فرائض دیانت، سنجیدگی اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ انجام دے۔اجلاس میں کمشنر کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کارکردگی میں مزید بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔