تھانہ اکوڑہ پولیس کیساتھ فائرنگ تبادلہ، اشتہاری مجرم ،ڈرگ ڈیلر خاد علی عرف خادوگے ہلاک

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) تھانہ اکوڑہ پولیس کیساتھ فائرنگ تبادلے کے نتیجے میں بدنام زمانہ مجرم اشتہاری،ڈرگ ڈیلر خاد علی عرف خادوگے ہلاک ہوگیا ۔نوشہرہ پولیس ترجمان کے مطابق کاشف خان SHO تھانہ اکوڑہ کو اطلاع تھی کہ بدنام زمانہ مجرم اشتہاری،منشیات فروش،حکومتی رٹ کو کھلے عام چیلنج دینے والا خاد علی عرف خادوگے ولد جان محمد ساکن سوریا خیل جس نے علاقہ میں کہرام مچایا ہوا ہے اپنے گھر میں موجود ہے،بغرض گرفتاری معہ نفری پولیس کے گاں سوریا خیل مکان خادوگے چھاپہ زنی کی گئی،مجرم اشتہاری نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اپنی جائز گرفتاری سے گریزاں ہوکر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی،مجرم اشتہاری کی فائرنگ سے کاشف خان SHO اکوڑہ خٹک بلٹ پروف جیکٹ پر لگ کر محفوظ رہے جبکہ پولیس پارٹی کی جوابی فائرنگ سے مجرم اشتہاری لگ کر ہلاک ہوا،ہلاک شدہ مجرم اشتہاری سے کلاشنکوف معہ کارتوس قبضہ پولیس کی گئی،ہلاک شدہ مجرم اشتہاری کو بغرض پوسٹمارٹم ھسپتال روانہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق مجرم اشتہاری کے خلاف تھانہ اکوڑہ خٹک میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج تھے جبکہ دوسری طرف مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق خاد علی عرف خادوگے کے لواحقین جن میں والدہ، بیوہ، بھائی اور علاقے کے دیگر اہلیان شامل تھے نے خادوگے کی لاش سوریاخیل کے مقام پر مین جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور کہا کہ خادوگے نے پولیس پر فائرنگ نہیں کی بلکہ پولیس نے ہمارے گھر ہر دھاوا بول کر ان کو اپنے کمرے سے باہر نکال کر ہمارے سامنے اس پر فائر کرکے قتل کردیا ہے مظاہرین نے کئی گھنٹے روڈ بند رکھا جبکہ خادوگے کی والدہ نے بیٹے کی تدفین اور رسم قل کے بعد عدالتی تحقیقات کیلئے عدالت سے رجوع اور اکوڑہ خٹک پولیس کے خلاف بھر پور احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔