کوہاٹ ،تورچھپرمیں نامعلوم شرپسندوں کا پولیس چیک پوسٹ پرحملہ ،پولیس کانسٹیبل شہید

پیر 6 اکتوبر 2025 19:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقہ تورچھپرمیں نامعلوم شرپسندوں نے رات کے اندھیرے میں پولیس چیک پوسٹ پرخودکار ہتھیاروں سے حملہ کردیاجس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل موقع پر شہید ہوگئے جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی)کا ہیڈکانسٹیبل زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب نامعلوم شرپسندوں نے درہ آدم خیل کے علاقہ تورچھپر میں قائم پولیس چیک پوست پر حملہ کردیا جس کی زدمیں آکرپولیس کانسٹیبل حضرت عمر سکنہ کندی سورک گاؤں طاؤس خیل درہ آدم خیل شہید ہوگیا جبکہ ایف سی حولدار بہادر خان زخمی ہوگیا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔یادرہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل بھی نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔