کمشنر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، روزگار کے مواقع بارے افسران کو ہدایات

پیر 6 اکتوبر 2025 19:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ سمال انڈسٹریز کارپوریشن، سائیٹ اور انڈسٹریز کے افسران سے نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ اور ان کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے سلسلے میں گفتگو کی گئی ۔ انہوں نے انڈسٹریز، سندھ سمال انڈسٹریز اور سائیٹ افسران کو یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو سکھر کے صنعتی اداروں کے اسٹڈی ٹوئر کرانے کی ہدایت کر دی۔

کمشنر نے کہا کہ سیمینارز منعقد کر کے نوجوانوں کو آگہی دی جائے کہ ان کے لیے آگے صنعتی شعبے میں روزگار کے کیا مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکل ڈویلپمنٹ کے کورسز کے علاوہ شارٹ کمپیوٹر کورسز بھی کرائے جائیں اور اس ضمن میں نوجوانوں کو فری شارٹ کورسز کرانے کے لیے مختلف سماجی تنظیموں کا تعاون حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ یہاں کی کھجور، اچار، دیسی گھی، آم اور دیگر اشیاء کا آن لائن کاروبار کیا جا سکتا ہے، جبکہ خواتین دستکاری، رلی، سندھی ٹوپی، قالین اور دیگر ہاتھ سے بنی ہوئی چیزوں سے گھر بیٹھے بہتر منافع حاصل کر سکتی ہیں۔

عابد سلیم قریشی نے کہا کہ نوجوانوں کو انسٹاگرام، فیس بک پیج اور واٹس ایپ بزنس کا استعمال سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خیرپور کی بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈویلپمنٹ میں شارٹ کورسز میں مفت داخلے اور مفت ٹرانسپورٹیشن فراہم کی جا سکتی ہے ۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ پلمبر، الیکٹریشن، موبائل مکینک اور دیگر ہنر سیکھ کر نوجوان خود کفیل بن سکتے ہیں ۔ اجلاس میں سائیٹ سکھر کے ڈائریکٹرز عبدالکریم ملانو، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز ذکاءاللہ درانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سندھ سمال انڈسٹریز سکھر محمد محسن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔