پی آئی ڈی کے زیر اہتمام ڈس انفارمیشن اینڈ ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی: نیویگیٹنگ ٹرتھ ان دا ایج آف سوشل میڈیاکے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

عون عباس ساہی کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر میڈیا کی خواندگی ،حقائق پر مبنی سالمیت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے عزم پر زور

پیر 6 اکتوبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت میڈیا سیل ٹو کانٹروائلنٹ ایکسٹریمزم نے ڈس انفارمیشن اینڈ ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی نیویگیٹنگ ٹرتھ ان دا ایج آف سوشل میڈیا" کے موضوع پر ایک فکر انگیز سیمینار کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی طاہرہ سعیدہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا بھی موجود تھے۔معروف صحافی و میڈیا تجزیہ کار عون عباس ساہی نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر میڈیا کی خواندگی اور حقائق پر مبنی سالمیت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے جمہوریت میں باخبر شہریوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور نوجوان شرکا کو ذمہ دار ڈیجیٹل صارفین اور تخلیق کار بننے کی ترغیب دی۔

(جاری ہے)

عون عباس ساہی نے عوامی تاثرات، پالیسی اور سماجی اعتماد پر غلط معلومات کے نتائج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جھوٹی داستانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے صحافتی دیانتداری کی حقیقی دنیا کی مثالیں بھی شیئر کیں۔ انہوں نے ملک کے ڈیجیٹل منظر نامے سے متعلق قوانین کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو خاص طور پر پی ای سی اے (پیکا)جیسے قوانین سے آگاہ ہونا چاہیے جو پاکستان کی ڈیجیٹل دنیا پر لاگو ہوتے ہیں۔

ٹیک جوس کے سی ای او طلال چوہدری نے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے بارے میں بصیرت کا اشتراک کیا اور بتایا کہ ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کس طرح بااختیار بنانے اور غلط معلومات کے، دونوں کے ذرائع ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے 21ویں صدی میں ایک بنیادی مہارت کے طور پر ڈیجیٹل خواندگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے غلط معلومات کی مختلف شکلوں کے پیچھے موجود طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سچائی کو پروپیگنڈے سے کیسے الگ کیا جا سکتا ہے۔