شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کی اخلاقی ترجیح بھی ہے، تربت کی ترقی اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

پیر 6 اکتوبر 2025 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرِ صدارت تربت شہر کے سیوریج نظام کی بہتری کے حوالے سے اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا اجلاس میں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، جسٹس (ر) بلوچستان ہائی کورٹ شکیل احمد بلوچ، سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ حاجی فدا حسین دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تابش علی بلوچ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی، پروجیکٹ انجینئر قاسم گچکی، ایکسیئن اربن پلاننگ و ڈویلپمنٹ شعیب بلوچ، ٹاؤن پلاننگ آفیسر پارٹی، میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تربت شہر ضلع کیچ کا دل اور مکران ڈویڑن کا مرکز ہے، لہٰذا اس کے سڑکوں اور سیوریج نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے انہوں نے سول ورکس کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران سیوریج لائنوں اور پانی کے قدرتی بہاؤ کو لازمی مدنظر رکھا جائے تاکہ برسات کے موسم میں گندے پانی اور باش کے بہاؤ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے رکن صوبائی نے ہدایت کی کہ تربت میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ادارے باہمی مشاورت سے ایک جامع ورکنگ پلان تشکیل دیں تاکہ شہر کو صاف، جدید اور پائیدار شہری منصوبہ بندی کے مطابق ترقی دی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اجلاس میں تربت شہر کے گندے پانی کو ری سائیکل پلانٹ کے ذریعے صاف کر کے دوبارہ استعمال میں لانے کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تربت شہر کے تین بڑے ڈرینیج سسٹمز کو آپس میں منسلک کر کے سیوریج کے پانی کی نکاسی کو شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہری علاقوں کو کسی قسم کی تکلیف یا ماحولیاتی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے رکن صوبائی نے کہا کہ شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کی اخلاقی ترجیح بھی ہے، تربت کی ترقی اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔