ی*مریدکے،مسلح ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ ،ایک بھائی قتل ،دوسرا شدید زخمی ،ملزم فرار

پیر 6 اکتوبر 2025 21:25

- مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2025ء) نواحی گاؤں ننگل ساہداں میں ڈکیتی کا شبہ ظاہر کرنے پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک بھائی کو موت گھاٹ اتار دیا جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کرکے فرار ہو گئے۔ پولیس نے تین نامزد اور پانچ نا معلوم افراد کے خلاف قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔

تھانہ صدر مریدکے میں مقتول ذو الفقار کی بیوہ کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق کچھ عرصہ قبل ذو الفقار کی دکان پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کے بارے میں مقتول نے حسن اور شہریار وغیرہ پر شک کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو درخواست دے دی۔ اسی رنجش کی بناء پر ملزمان نے آتشیں اسلحہ سے مسلح کو ہوکرنصیر گجر اور دیگر نامعلوم افراد کے ہمراہ گھر کے سامنے پہنچ کر بڑے بھائی افتخار کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور بھائی کو بچانے کی غرض سے باہر نکلنے پر چھوٹے بھائی ذو الفقار کو بھی گولی مار دی گئی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

زخمی افتخار کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ورثاء نے ہسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کئی رو ز سے جھگڑا کی کوشش کر رہے تھے جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی مگر پولیس نے حسب معمول ٹال مٹول سے کام لیا۔ پولیس نے نصیر گجر، شہریار اور حسن سمیت پانچ نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں