چینی سرمایہ کاروں کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات، سندھ میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش

سندھ سرمایہ کاری کے لیے ایک زرخیز خطہ ہے، جہاں توانائی، ٹرانسپورٹ، ہاسنگ، واٹر مینجمنٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں،سید ناصر شاہ

منگل 7 اکتوبر 2025 15:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر بلدیات، ہاسنگ و ٹائون پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ سے چین کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے ملاقات کی اور سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ چینی وفد نے کہا کہ وہ کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ میں ڈویلپمنٹ کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں تاکہ انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، رہائش اور شہری سہولیات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر بلدیات نے چینی وفد کو کراچی تا روہڑی ٹرین سروس کے منصوبے میں اشتراک اور سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ سرمایہ کاری کے لیے ایک زرخیز خطہ ہے، جہاں توانائی، ٹرانسپورٹ، ہاسنگ، واٹر مینجمنٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے اور عوام کی ترقی کے لیے آنے والے ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کہتی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

چینی وفد کی قیادت مس MS Hao Juejio نے کی۔ ملاقات میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد، علی مانڈوی والا، اظہر الٰہی، محمد دانش اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے وفد کو مختلف سیکٹرز میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور سندھ حکومت کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی کے تحت مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔