چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس، 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا

منگل 7 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کی الیکٹو جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔جنرل کونسل کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ آئندہ 4 سال کیلئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے۔کرنل نبیل احمد رانا، کلیم اللہ اور محمد اصغر نائب صدور جبکہ محمد سرور رانا سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ محمد اختر عباس خواجہ ایسوسی ایٹ سیکرٹری رانا امجد اقبال جوائنٹ سیکرٹری اور سہیل احمد خان خزانچی منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

سلطان سید علی شاہ، حمیرا لطیف، فائزہ بتول، فریحہ شبیر اور صبا ناز ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوئے۔انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن اور ایشین کبڈی فیڈریشن کے نمائندے بطور آبزرور اجلاس میں شریک ہوئے۔ چوہدری شافع حسین نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے جو بے حد مقبول ہے،میں 8 سال تک پاکستان کبڈی فیڈریشن کا صدر رہا جو میرے لئے باعث اعزاز ہے۔چوہدری ظہور الہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سال 2020 میں پاکستان نے پہلی بار بھارت کو شکست دے کر کبڈی کا ورلڈ کپ جیتا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کبڈی ٹاکرا اور کبڈی کے دیگر بہت سے ایونٹ کا کامیاب انعقاد کرایا۔ کبڈی کا اگلا ورلڈ کپ ملائیشیا میں کرایا جائے گا۔ورلڈ کپ کے علاوہ کبڈی کے دیگر ایونٹس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔کرکٹ کی طرز پر کبڈی کے لیگ میچز بھی کروائے جائیں گے۔چین اور ترکیہ کی کبڈی ٹیموں کے پاکستان میں میچز کرانے کیلئے بات چیت کی گئی ہے۔

چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے کہاکہ تمام محکمے اپنی کبڈی ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر کریں اور کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ باقاعدگی سے کئے جائیں۔ کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے مزید عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے الیکٹو جنرل کونسل کے اجلاس میں انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن اور ایشین کبڈی فیڈریشن کے نمائندوں کی شرکت پران کا شکریہ ادا کیا ۔اجلاس میں کبڈی کے فروغ کیلئے کونسل ممبران نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ڈسپلن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔اجلاس میں تھرڈ ایشین یوتھ گیمز 2025،ایشین کبڈی چیمپئن شپ،ساؤتھ ایشین گیمز 2026 اور دیگر ایونٹس کے انعقاد کا بھی جائزہ لیا گیا۔