بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا 51 واں اجلاس

منگل 7 اکتوبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا 51 واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ اجلاس میں نائب صدر (انتظامیہ و مالیات/تعلیمات) پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمٰن، وزارت خزانہ کی جوائنٹ سیکرٹری (اخراجات) عفت ملک، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندہ ثمینہ درّانی (ڈائریکٹر فنانس) اور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس نے شرکت کی۔

خصوصی دعوت پر نائب صدر (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ، اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس ایاز علی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پچاسویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق، ان پر عملدرآمد کی رپورٹ، رواں مالی سال 25-2024 کی مالی کارکردگی، آئندہ سال 26-2025کے بجٹ کی تجاویز اور PSDP بجٹ کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے جامعہ کی مالی پالیسی، تعلیمی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ادارے کی پائیداری کے لیے طویل المدتی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا۔ ترجمان جامعہ کے مطابق، اجلاس میں مالیاتی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر اہم فیصلے کیے گئے، جن سے یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔