اسرائیل نے شمالی غزہ کے خالی کرائے گئے ہسپتال سے بچوں کی نگہداشت کے لئے ضروری انکیوبیٹرز منتقل کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ، یونیسف

بدھ 8 اکتوبر 2025 10:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کے خالی کرائے گئے ہسپتال سے بچوں کی نگہداشت کے لئے ضروری انکیوبیٹرز منتقل کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے جس کے باعث جنوبی غزہ کے ہسپتالوں پر دباؤ انتہائی بڑھ گیا ہے اور ان ہسپتالوں میں نومولود بچے اب ایک ہی آکسیجن ماسک اور ایک ہی بستر پر سانس لینے پر مجبور ہیں۔

العربیہ اردو کے مطابق یونیسف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے بتایا ہے کہ انہوں نے جنوبی غزہ کے ناصر ہسپتال میں ماؤں کو دیکھا جو اپنے نومولود بچوں کو گود میں لیے لمبی قطاروں میں کھڑی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عملہ شدید قلت کے باعث نوزائیدہ بچوں کو ایک ہی آکسیجن ماسک اور بستر پر رکھ کر علاج پر مجبور ہے جبکہ شمالی غزہ کے بند ہسپتالوں میں یہ آلات موجود ہیں مگر استعمال نہیں ہو پا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم شمال کے خالی کرائے گئے ہسپتال سے انکیوبیٹرز نکالنے کی کوشش کر رہے تھے مگر اس مقصد کے لیے چار انسانی مشن بھیجے گئے اور سب کو اسرائیل نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سامان اب تباہ شدہ الرنتیسی چلڈرن ہسپتال میں پھنس کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال کے دورے کے دوران انہوں نے دیکھا کہ بچوں کے وارڈ میں 3 بچے اور 3 مائیں ایک ہی بستر پر تھیں، سب کے لیے آکسیجن کا ایک ہی ذریعہ تھا، مائیں باری باری اپنے بچوں کو صرف بیس منٹ کے لیے آکسیجن دلاتی تھیں۔

یہی وہ حد ہے جہاں تک یہ مائیں بے بسی میں پہنچ چکی ہیں۔ یونیسیف نے شمالی غزہ کے ہسپتالوں میں موجود بیمار اور نوزائیدہ بچوں کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ میں2 سال سے جاری اسرائیلی جنگ نے حاملہ خواتین میں غذائی قلت اور ذہنی دباؤ میں شدید اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم وزن اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی شرح بڑھ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب غزہ میں پیدا ہونے والے ہر پانچ میں سے ایک بچہ ناتواں یا قبل از وقت پیدا ہوتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کے مطابق اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لئے درکار 8 ہزار مشنوں میں سے 45 فیصد کو روک دیا یا تاخیر کا شکار کیا۔عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے تین بچوں کو جنوبی غزہ کے ہسپتال منتقل کیا، تاہم بتایا کہ ان میں سے ایک بچہ منتقلی سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔ ادارے کے مطابق اس وقت غزہ کے 36 میں سے صرف 14 ہسپتال جزوی طور پر فعال ہیں۔