وفاقی وزیر بحری امور کا میری ٹائم کانفرنس کے انعقاد کا اعلان، اس سے عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا، محمد جنید انوار چوہدری

بدھ 8 اکتوبر 2025 12:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان میری ٹائم انویسٹمنٹ کانفرنس 2025 کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد سمندری شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ آئندہ فورم میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام بندرگاہوں اور متعلقہ اداروں میں مائیکرو اور میکرو سطح کے سرمایہ کاری مواقع پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پائیدار سرمایہ کاری کے ذریعے بلیو اکانومی اور سمندری انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں فورم کی تاریخ، مقام اور موضوعاتی پہلوؤں سے متعلق اہم فیصلے شامل تھے۔

(جاری ہے)

حکام نے اتفاق کیا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس پاکستان کو خطے میں سمندری سرمایہ کاری اور اختراع کا مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اجلاس میں بندرگاہی انفراسٹرکچر، ماہی گیری، سمندری ٹرانسپورٹ، جہاز سازی اور ساحلی سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا تاکہ قومی معیشت کی تنوع پذیری اور پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ منصوبہ بندی کی جا سکے۔ اجلاس میں فورم کی تشہیر کے لیے سٹریٹجک میڈیا اور برانڈنگ مہم سے متعلق تجاویز کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی تاکہ سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کی اعلیٰ سطحی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاری تجاویز اور منصوبوں کی پیشکش کے لیے معیاری ٹیمپلیٹس جلد از جلد تیار کیے جائیں تاکہ نئے منصوبوں کے جائزے اور منظوری کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ عوامی و نجی شعبوں کے اشتراک سے پاکستان کی سمندری استعداد کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میری ٹائم انویسٹمنٹ فورم اور کانفرنس ملک کی بلیو اکانومی کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔\932