پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی بار 9 دن تک ایکموسپورٹ پر رہنے والا مریض مکمل صحتیاب

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:07

پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی بار 9 دن تک ایکموسپورٹ پر رہنے والا مریض ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) این آئی سی وی ڈی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، پہلی بار ایکمو سپورٹ پر رہنے والا مریض 9 دن میں مکمل صحتیاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق این آئی سی وی ڈی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں پہلا مریض 9 دن تک ایکمو سپورٹ پر رہا اور مکمل صحتیاب ہوچکا ہے، قومی ادارہ برائے امراض قلب نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی طبی تاریخ میں 9 دن تک مسلسل ایکمو سپورٹ پر رہنے والا مکمل صحتیاب ہوا، دل کے آپریشن کے بعد نوجوان مریض کے دل اور پھیپھڑوں نے کام بند کردیا تھا۔این آئی سی وی ڈی کی ٹیم نے وی اے اور وی وی ایکمو کا استعمال بیک وقت کیا، پیچیدہ کارڈیک سرجری ڈاکٹر علی رضا منگی کی قیادت میں سرانجام دی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کی ماہر ایکمو ٹیم نے دن رات محنت کرکے مریض کو نئی زندگی دی، مریض کا تعلق کراچی سے ہے اور اس کا علاج مکمل طور پر مفت کیا گیا، این آئی سی وی ڈی کی یہ کامیابی سندھ حکومت کی حمایت اور صحت عامہ کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

این آئی سی وی ڈی نے مزید بتایا کہ ادارہ جدید سہولتوں کے ساتھ دل کے امراض کا مفت علاج فراہم کررہا ہے، این آئی سی وی ڈی پاکستان میں کارڈیک انوویشن میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔