میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت ارسلان شیخ کا میرپور ماتھیلو میں صحافی کے قتل پر اظہار افسوس

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:47

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سینئر صحافی طفیل رند کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ صحافیوں پر حملے دراصل آزادیِ اظہارِ رائے پر حملے کے مترادف ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے ، صحافی معاشرے کی آنکھ اور ضمیر کی آواز ہوتے ہیں، ان پر حملہ معاشرتی سچائی کو دبانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے مقتول صحافی طفیل رند کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور انہیں جلد قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کی بزدلانہ حرکت کرنے کی جرات نہ کرے ۔