سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس، محفوظ بسنت کی مشروط اور محدود اجازت کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت محفوظ بسنت کے انعقاد کے لئے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی نجم الثاقب، کمشنر لاہور مریم خان، جنرل منیجر آپریشنز لیسکو اعجاز احمد، سینئر صحافی واصف ناگی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی لاہور بابر علی اور صدر آل پاکستان کائیٹ ایسوسی ایشن شکیل شیخ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں محفوظ بسنت کی مشروط اور محدود اجازت کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بسنت کی اجازت صرف اور صرف حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جانے پر دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئندہ سال جشنِ بہاراں میں مخصوص دنوں کے لئے بعض علاقوں میں محفوظ بسنت کے امکانات زیر بحث آئے۔

اجلاس میں پتنگ بازی پر ممانعت کے قانون میں مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔ اس دوران تجویز پیش کی گئی کہ جشنِ بہاراں کے دوران ثقافتی سرگرمی کے طور پر صرف محفوظ انداز میں بسنت کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ محفوظ بسنت منانے کے لئے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے این او سی لیا جائے گا۔ جس چھت یا احاطے کے لئے این او سی لیا جائے اس کے مالک کو تمام حفاظتی اقدامات کا بیان حلفی دینا ہو گا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ نائلون، تندی، دھاتی ڈور، مانجھا لگی ڈور کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ پتنگ ساز، پتنگ فروش اور سپلائر کے لئے ڈپٹی کمشنر سے رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندگان کا موقف تھا کہ محفوظ بسنت فیسٹیول کی بحالی ،روزگار اور سیاحت کے مواقع فراہم کرے گی۔ اجلاس کے تمام شرکا نے اتفاق کیا کہ بسنت کی کھلے عام اجازت نہیں دی جاسکتی بلکہ صرف کنٹرولڈ ماحول میں محفوظ بسنت کی مشروط اجازت دی جاسکتی ہے۔