8 اکتوبر کا دن ہمیں قربانی، اتحاد اور ایثار کے جذبے کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس المیے نے قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا، ہر پاکستانی نے متاثرین کی مدد کے لیے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے کی مناسبت سےاسے یوم استقامت کے طور پر یاد کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ دن ہمیں قربانی، اتحاد اور ایثار کے جذبے کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2005ء کا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جب لمحوں میں ہزاروں بستیاں مٹ گئیں اور ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں تاہم اس المیے نے قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا اور ہر پاکستانی نے متاثرین کی مدد کے لیے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی زلزلے کی تباہ کاریاں ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں اور ہمیں ان سانحات سے سبق سیکھ کر اپنے اداروں اور نظام کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مربوط حکمت عملی، مضبوط ادارہ جاتی تعاون اور عوامی آگاہی وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے ہمیں ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ ہمیں 2005ء والے قومی جذبے کو زندہ کرتے ہوئے مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ، شجرکاری اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات قدرتی آفات سے بچائو کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد، شجرکاری مہمات اور ماحولیاتی استحکام کے قومی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہم آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ، سرسبز اور مستحکم پاکستان قائم کر سکیں۔