راشد خان ایڈوکیٹ کا دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر کمشنر حیدرآباد و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) ایم کیو ایم کے حیدرآباد سے رکن سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ نے دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر کمشنر حیدرآباد و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں دودھ غریب کی پہنچ سے دور ہے اس وجہ سے روزانہ کمانے والا اور خط غربت سے نیچے کے لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں دودھ کا استعمال ترک کر چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں صحت کے بے شمار مسائل لاحق ہیں اب ہر کچھ عرصے بعد دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا مژدہ سنایا جاتا ہے لیکن شہر حیدرآباد جہاں دودھ کی بڑی مقدار میں پیداوار ہے اس کا فائدہ یہاں کی عوام کو نہیں ملتا، ڈپٹی کمشنر و انتظامیہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی عدم توجہی کے باعث شہر بھر میں دودھ کے نام پر کیمیکل زدہ ، ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کیا جاتا ہے لیکن چیکنگ و جانچنے کا کوئی سسٹم نہیں ہے افسران و کرتا دھرتاں کی ملی بھگت سے قیمتوں میں من مانا اضافہ کر لیا جاتا ہے حالانکہ دودھ کی پیداوار سے منسلک افراد کے جائز مسائل کو سننا اور انہیں حکومتی مراعات و سبسڈی دے کر قیمتوں کو اس سطح پر رکھا جا سکتا ہے کہ عام غریب آدمی جو اس معاشرے کا ستر اسی فیصد ہے وہ اور اس کے بچے باآسانی دودھ استعمال کر سکیں، راشد خان ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ اگر من مانا اضافہ کیا گیا تو عوام اسے مسترد کر دیں گے۔