Live Updates

ہاشم خان کا ضلع انتظامیہ حیدرآباد سے باڑہ مالکان کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر ہاشم خان نے ضلع انتظامیہ حیدرآباد سے باڑہ مالکان کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ایک بیان میں ہاشم خان نے کہاکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے ایک عام ادمی کے لئیے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے ایسے میں غریب کے بچوں کو دودھ جیسی نعمت سے دور کرنا ایک افسوسناک اور قابل گرفت عمل ہے ہاشم خان نے کہا کہ بھینسوں کے چارہ میں کمی کا فائدہ ایک عام ادمی کو نہیں پہنچتا اب جبکہ چارہ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا باڑہ مالکان دودھ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جس کا فوری نوٹس لیا جانا چائیے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی باڑہ مالکان دودھ کی ہول سیل قیمتوں میں من مانا اضافہ کرتے رہے ہیں اس کے برعکس ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی باڑہ مالکان کے بجائے عام ڈیری مالکان کے خلاف کاروائیاں کرتی رہی ہے جس کا فائدہ باڑہ مالکان کو ہوا، ہاشم خان نے کہا کہ شہر میں کیمیکل زدہ دودھ کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران خواب غفلت کی نیند سو رہے ہیں اس جانب ان کی کوئی توجہ نہیں ہے یا مبینہ بھتہ وصولی کے بعد دانستہ طور پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، ہاشم خان نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے تابڑ توڑ کاروائیوں کے باوجود حیدرآباد میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیا سمیت کیمیکل زدہ دودھ کی کھلے عام فروخت جاری ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے اور باڑہ مالکان کو دودھ کی ممکنہ قیمتوں میں اضافہ سے باز رکھا جائے۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :