نو مئی کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی ضمانت کی درخواستیں منظور

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے نو مئی کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلی ۔ قبل ازیں دو رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران اعجاز چوہدری کے وکیل میاں علی اشفاق نے اپنے دلائل مکمل کیے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا،درخواست گزار کے وکیل میاں علی اشفاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو سوشل میڈیا ٹرولنگ کے الزامات پر بغیر کسی ثبوت کے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اعجاز چوہدری کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں، ان کی گرفتاری نظربندی کے دوران اسلام آباد سے عمل میں آئی۔

(جاری ہے)

وکیل نے مزید کہا کہ ایک کے بعد دوسرا مقدمہ بنایا گیا مگر کوئی شواہد یا برآمدگی سامنے نہیں آئی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی اسی نوعیت کے مقدمات میں ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں۔استدعا ہے کہ ضمانت درخواستوں کو منظور کیا جائے ۔اعجاز چوہدری کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگانے، گلبرگ میں کنٹینر جلانے سمیت تین مختلف مقدمات درج ہیں۔ یاد رہے کہ اعجاز چوہدری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چار دیگر مقدمات میں دس دس سال قید کی سزا سنا رکھی ہے جن پر اپیلیں عدالت میں زیر سماعت ہیں۔