آسٹریلیا کا غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے کا خیرمقدم، تمام فریقوں سے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 09:10

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا نے غزہ کے لیے امن منصوبے کے پہلے مرحلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمام فریقوں سے اس معاہدے کی مکمل پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق جمعرات کو جاری ہونے والے آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البنیز اور وزیر خارجہ پینی وانگ نے کہا کہ آسٹریلیا اسرائیل اورغزہ کے درمیان امن لانے کے لیے کیے گئے اس پہلے مرحلے کو ایک اہم اور ضروری قدم سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے ہمیشہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی بازیابی اور غزہ میں امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔ البنیز اور وانگ نے تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ امن منصوبے کی شرائط کی پاسداری کریں تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آسٹریلیا اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے لیے ایک منصفانہ اور پائیدار دو ریاستی حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیویارک میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی خودمختار اور آزاد ریاست کو رسمی طور پر تسلیم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔