تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول کا آغاز جمعہ کو لوک ورثہ میں ہوگا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 13:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) محکمہ ثقافت و سیاحت، حکومتِ بلوچستان اور پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے اشتراک سے تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول کا آغاز کل (جمعہ) کو لوک ورثہ اسلام آباد میں ہوگا۔ پی ٹی ڈی سی کے مطابق یہ رنگا رنگ فیسٹیول 10، 11 اور 12 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا جس کا موضوع بلوچستان کا تجربہ عجوبوں کی سرزمین رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کا مقصد بلوچستان کی منفرد ثقافت، روایات، موسیقی، دستکاری، مہمان نوازی اور سیاحتی امکانات کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہے تاکہ عوام کو اس صوبے کی خوبصورتی، ورثے اور تنوع سے روشناس کرایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق یہ فیسٹیول نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے گا بلکہ بلوچستان کی مثبت شناخت کو بھی نمایاں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گاجس سے بین الثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔