عالمی یوم ڈاک کے موقع پر راولپنڈی جی پی او میں پرچم کشائی کی تقریب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پوسٹ ماسٹر جنرل شمالی پنجاب فیصل تحسین نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک واحد ادارہ ہے جو ملک بھر میں عوام کو اپنی خدمات فراہم کرتا ہے، یہ شہروں اور دیہات کو جوڑنے، رابطے بڑھانے اور شہری و دیہی فرق کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وہ راولپنڈی جی پی او میں عالمی یوم ڈاک کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں معروف ادیب و شاعر ڈاکٹر روش ندیم، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل ایڈمن ذاکراللہ، چیف پوسٹ ماسٹر عاصمہ نورین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے پرچم کشائی کی اور محکمہ ڈاک کی خدمات اور اس کی قومی و سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی۔فیصل تحسین نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے عوامی سہولت کے پیش نظر اتوار کے روز بھی تمام جی پی اوز میں خدمات کی فراہمی شروع کر دی ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ ای-کامرس سمیت جدید دور کی تمام ڈاک سہولیات ملک کے کونے کونے تک پہنچائی جا سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی پی ایم جی آپریشن فرحان علی مرزا نے ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین ماساہیکو میٹوکی کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ای-کامرس میں پوسٹ کے کردار کو مضبوط کرنے، ڈیجیٹل اور مالی شمولیت کو فروغ دینے اور سبز توانائی کی منتقلی کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کے 4.6 ملین پوسٹل ورکرز اقوام اور برادریوں کو جوڑنے کا اہم فریضہ انجام دے رہے ہیں اور یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب لوگ مل کر کام کرتے ہیں تو ان کا اثر واقعی عالمی بن جاتا ہے۔تقریب میں بین الاقوامی خطوط نویسی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی روٹس انٹرنیشنل سکول راولپنڈی کی طالبہ زمل فاطمہ کو تیسرا انعام دیا گیا۔ یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی نمائش میں سکولوں کے طلبہ و طالبات اور شائقین نے بھرپور دلچسپی لی۔ اس موقع پر کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں درست جوابات دینے والے بچوں میں انعامات اور تحائف تقسیم کیے گئے۔