سربیا کی آئل کمپنی نیس پر عائد امریکی پابندیاں نافذ العمل ہوگئیں

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:14

بلغراد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) امریکا کی جانب سے سربیا کی آئل کمپنی نیس (این آئی ایس ) پر عائد پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہوگئیں جس سے ملک کی واحد ریفائنری متاثر ہوگی۔اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے زیادہ حصص روس کی ملکیت ہیں اور امریکی حکام نے جنوری میں نیس پر پابندیاں اس وقت عائد کی تھیں جب واشنگٹن نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد روسی توانائی کے شعبے کے خلاف دباؤ بڑھایا تھا۔

جمعرات کی صبح پابندیاں مؤثر ہونے کے بعد کمپنی نے بتایا کہ اسے ابھی تک امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے خصوصی لائسنس کی توسیع نہیں ملی۔بیان میں کہا گیا کہ نیس موجودہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور امریکی محکمہ خزانہ سے رابطے میں ہے تاکہ اسے پابندیوں کی فہرست سے نکالا جا سکے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق اس وقت خام تیل کے ذخائر ریفائننگ کے لیے کافی ہیں جبکہ تمام پٹرول اسٹیشنز پر ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر برقرار ہے۔

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ نے پیر کو خبردار کیا تھا کہ یہ پابندیاں سنگین اثرات مرتب کریں گی، خاص طور پر بینکاری شعبہ سب سے پہلے متاثر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں کوئی بھی بینک امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کا خطرہ مول نہیں لے گا۔نیس نے تصدیق کی کہ پابندیوں کے باعث غیر ملکی ادائیگی کارڈز کی سروس بند ہو جائے گی اور اب پٹرول اسٹیشنز پر صرف سربیا کا مقامی کارڈ یا نقد ادائیگی قبول کی جائے گی۔