الیکشن کمیشن نے این اے-1 چترال اپر کم چترال لوئر کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 18:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے این اے۔1 چترال اپر کم چترال لوئر کی کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری شدہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ڈی آر او اور آر او کی تعیناتی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا ہےجس کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر اعجاز احمد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چترال لوئر محمد اقبال کو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔

پبلک نوٹس ریٹرننگ آفسر کی جانب سے 13 اکتوبر 2025کو جاری کیا جائیگا،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ 15سے 17 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا، 18 اکتوبر2025 کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر2025 تک ہوگی۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے نامزدگی فارم منظور یا مسترد کیے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 27 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔

اپیلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں کے فیصلے کرنے کی آخری تاریخ 3 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کی نظرِثانی شدہ فہرست کی اشاعت کی تاریخ 4 نومبر 2025 کو ہوگی۔ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے اور نظرِثانی شدہ فہرست شائع کرنے کی آخری تاریخ 5 نومبر 2025مقرر کی گئی ہے۔ 6نومبر 2025 کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے، پولنگ 23 نومبر 2025کو ہوگی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کی تقریوں اور تبادلوں پر پابندی عائدکی گئی ہے۔