بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائی، 21 غیر لائسنس یافتہ طبی مراکز کو وارننگ ،نوٹس جاری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ طبی مراکز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فوکل پرسن برائے میڈیا ڈاکٹربسم اللہ خان کے مطابق انسپکشن ٹیموں نے جمعرات کے روز جناح روڈ، مسجد روڈ، شیر محمد روڈ اور پٹیل روڈ کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں دورانِ معائنہ مختلف غیر مطابقتی امور کی نشاندہی کی گئی۔

دورہ کے دوران 8 ہومیوپیتھک کلینکس، 4 یونانی کلینکس، 3 نرسریز، 2 ڈائگنوسٹک سینٹرز اور 4 لیبارٹریوں کو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 ء اور بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی لائسنسنگ و اینٹی کوئیکری ریگولیشنز 2024 کی خلاف ورزی پر سرکاری وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔کمیشن نے واضح کیا کہ صوبے میں تمام طبی مراکز کا بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے، بصورت دیگر غیر لائسنس یافتہ یا غیر مطابقتی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں سیلنگ اور جرمانے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے بھر میں معیاری، محفوظ اور اخلاقی اصولوں پر مبنی صحت کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، جو پاکستان وژن 2030 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 3(اچھی صحت و فلاح و بہبود)کے عین مطابق ہے۔