آزادی کے 100 سال مکمل ہونے تک مضبوط معیشت کے طور پر ابھرنے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھنا چاہیے،وفاقی وزیر احسن اقبال

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کے معاشی ماڈل کو اپنانا ہوگا اور ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے تک مضبوط علاقائی معیشت کے طور پر ابھرنے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھنا چاہیے۔مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام لیڈرشپ کانفرنس کے دوران پینل ڈسکشن میں احسن اقبال نے کہا کہ ایشین ٹائیگر بننے کے وژن کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی توجہ معاشی ترقی کی طرف مضبوطی سے مرکوز ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود کئی اصلاحاتی اقدامات کیے ہیں۔پاکستان کے جوہری پروگرام کو قومی عزم کی مثال قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیابی اس لیے ملی کیونکہ ہر آنے والی حکومت نے عزم کے ساتھ ایک ہی مقصد کا تعاقب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم معاشی اصلاحات میں اسی تسلسل کا مظاہرہ کریں تو ہم قابل ذکر پیش رفت حاصل کر سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے بعد خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی تذویراتی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک پوزیشن بہت مضبوط ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے۔قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا، خاص طور پر آئی ٹی اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں، ملک کی ترقی کو آگے بڑھانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اصلاحات جاری رکھیں اور اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں تو پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔پینل کے دیگر شرکاء میں وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد، سابق وزیر مشاہد حسین سید اور دیگر شامل تھے۔