سینیٹ قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار کی سب کمیٹی کاسٹیل ملز مسائل کے حل کیلئے آئندہ اجلاس کراچی میں رکھنے کا فیصلہ

10ارب کی چوری پر صرف ایک شخص کو فارغ کرنا کافی نہیں، گروہ کے ملوث ہوئے بغیر ایسا کرنا نا ممکن ہے، کنونیئر خالد ہ طیب سٹیل ملز کے ذمہ 80کروڑ بجلی بل مد میں واجب الادا ،بد نیت معاشی ماہرین کی وجہ سے ادارے کو مالی نقصان پہنچا،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوار کی بریفنگ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار کی سب کمیٹی نے سٹیل ملز کے مسائل کے حل کیلئے آئندہ اجلاس کراچی میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا ۔ جمعرات کو سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار کی سب کمیٹی کا اجلاس کنونیئر خالدہ طیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان سٹیل ملز کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔

سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ جب سے سٹیل ملز بند ہوئی ہے تب سے اب تک کی ایف آئی آرز کی تفصیل فراہم کی جائے ،سٹیل ملز میں کتنی تعداد میں کوپر،تانبہ پڑا ہوا ہے،کتنا سامان چوری ہوا ،محکمہ نے اب تک کیا محکمانہ کارروائی کی سب سے آگاہ کیا جائے۔ کنونیئر خالدہ طیب نے کہا کہ 10ارب کی چوری پر صرف ایک شخص کو فارغ کیا گیا تھا،پورے گروہ کے ملوث ہوئے بغیر ایسا کرنا نا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کا پورا سلنڈر چوری ہوا جس کو کنٹینر پر لاد کر لایا جاتا ہے،صرف ایک شخص کو فارغ کرنا کافی نہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوارنے بتایا کہ چوری میں ملوث شخص کو فارغ کیا گیا ہے،کمیٹی کو تمام تر تفصیلات فراہم کی جائے گی، وفاقی حکومت کی منظوری کیساتھ ہی سٹیل ملز ملازمن کو سبسڈی جاتی ہے،سٹیل ملز کے پاس 19ہزار ایکڑ زمین ہیںجس میں دس ایکڑ صنعتی اور باقی رہائشی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سٹیل ملز مختلف علاقوں کو پانی بھی فراہمی میں شامل ہے،لوگ پانی کے بل بھی نہیں دیتے جس سے سٹیل ملز کو نقصان ہو رہا ہے،ہم مافیاز کو ختم کر رہے ہیںجس وجہ سے لوگ الیکٹرک کیبل اور اشیاء کو چوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کے ذمہ 80کروڑ روپے بجلی بل مد میں واجب الادا ہے،بد نیت معاشی ماہرین کی وجہ سے ادارے کو مالی نقصان پہنچا،اگر جامع تحقیقات کی جائیں تو ن لوگوں کیخلاف چارج شیٹ بنتی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوارنے کہا کہ سٹیل ملز بینکوں سے نہیں وفاقی حکومت سے قرضہ قرضہ لیتا ہے۔سب کمیٹی نے سٹیل ملز کے مسائل کے حل کیلئے اگلا اجلاس کراچی میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔