البانیہ،ملزم نے کیس کا فیصلہ سناتے ہی جج کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

ملزم کی فائرنگ سے کیس کے درخواست گزار باپ اور بیٹا بھی زخمی ہو گئے، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:45

ترانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) البانیہ کی عدالت میں مسلح شخص نے دوران سماعت فائرنگ کر کے جج کو قتل کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق البانیہ کے دارالحکومت ترانا کی عدالت میں ایک کیس کی سماعت جاری تھی کہ اسی دوران ایک شخص نے جج پر فائرنگ کر دی۔حکام کے مطابق پراپرٹی تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے جج ایسترت کلاجا اسپتال منتقلی کے دوران انتقال کر گئے جبکہ فائرنگ سے دو افراد جو رشتے میں باپ اور بیٹا ہیں وہ بھی زخمی ہوئے تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

البانین پولیس نے فائرنگ کرنے والے 30 سال نوجوان کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کو عدالت کے اندر پستول کے ساتھ آنے کی اجازت دینے والے اس کے سکیورٹی گارڈ انکل کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جیسے ہی جج نے کیس کا فیصلہ سنایا تو ملزم نے فوری طور پر پستول نکالتے ہوئے جج پر متعدد گولیاں چلا دیں، اس کے بعد ملزم نے کیس کے درخواست گزار باپ بیٹے پر بھی گولیاں برسا دیں جس سے دونوں زخمی ہو گئے، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں علاج و معالجے ک سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔