وینزویلا نے امریکا کی دھمکیوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست دے دی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 09:10

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وینزویلا نےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق حکومتِ وینزویلا کا کہنا ہے کہ امریکا کی بڑھتی ہوئی "دھمکیاں" علاقائی اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے تحت جنگی بحری جہاز کیریبین میں تعینات کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سفارتی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ سلامتی کونسل کا یہ اجلاس جمعہ کو شام 3 بجےمنعقد ہو گا۔ وینزویلا نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کی ممکنہ جارحیت کے خلاف بحث کرے اور سفارشات جاری کرے تاکہ "جارحیت کے کسی بھی منصوبے" کو روکا جا سکے۔ وینزویلا کی اس درخواست کو روس اور چین کی حمایت بھی حاصل ہے، جو خود بھی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور ویٹو پاور کے حامل ممالک ہیں۔