جنوبی کوریا میں درآمد شدہ گاڑیوں کی فروخت میں ستمبر کے دوران 32 فیصد اضافہ ریکارڈ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 09:50

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) جنوبی کوریا میں درآمد شدہ گاڑیوں کی فروخت میں ستمبر کے دوران 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی بڑی وجہ امریکی الیکٹرک گاڑیوں اور جرمن لگژری ماڈلز کی مضبوط طلب ہے۔ شنہوا کے مطابق کوریائی آٹوموبائل امپورٹرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ستمبر میں ملک میں 32 ہزار 834 درآمدی گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32.2 فیصد زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

سال 2025 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار 348 غیر ملکی گاڑیاں فروخت ہوئیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 15.7 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔امریکی کمپنی ٹیسلا نے گزشتہ ماہ 9 ہزار 69 یونٹس فروخت کر کے غیر ملکی کار ساز کمپنیوں میں پہلا مقام حاصل کیا۔اس کے بعد جرمن کمپنی مرسڈیز بینز کے 6 ہزار 904 اور بی ایم ڈبلیو کے 6 ہزار 610 یونٹس فروخت ہوئے ۔اعداد و شمار کے مطابق یورپی ماڈلز کی فروخت 19 ہزار 551 یونٹس رہی جو کل فروخت کا 59.5 فیصد حصہ ہے جبکہ امریکی برانڈز نے 30 فیصد، جاپانی برانڈز نے 7.3 فیصد اور چینی برانڈز نے 3.1 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا۔