سعودی عرب،تمباکو مصنوعات کی فروخت کے لئے نئے ضوابط و شرائط کا اعلان

مقصدملک کے مختلف شہروں میں منظم اور محفوظ تجارتی ماحول فراہم کرنا ہے،وزارت بلدیات و ہائوسنگ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:05

سعودی عرب،تمباکو مصنوعات کی فروخت کے لئے نئے ضوابط و شرائط کا اعلان
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) سعودی عرب کی وزارت بلدیات و ہائوسنگ نے تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والی دکانوں کے لئے نئے ضوابط و شرائط کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے گئے ضوابط کا مقصد عوامی صحت کو فروغ دینا، متعلقہ قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا اور ملک کے مختلف شہروں میں منظم اور محفوظ تجارتی ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزارت نے وضاحت کی کہ یہ شرائط تمام دکانوں پر لاگو ہوں گی جو تمباکو،سگریٹ، شیشہ فلیور اور الیکٹرانک سگریٹ فروخت کرتی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ لائسنس حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دکاندار کے پاس فعال تجارتی رجسٹریشن ہو، سول ڈیفنس کی منظوری حاصل کرے اور بلدیاتی لائسنس کے نظام اور اس کے ضوابط کی مکمل پابندی کرے۔

(جاری ہے)

وزارت نے کہا کہ ان شرائط میں مقامی تقاضے بھی شامل ہیں، جن میں نمایاں یہ ہے کہ دکان کسی تجارتی عمارت کے اندر شہری حدود میں واقع ہو اور مساجد یا سکولوں سے کم از کم 500 میٹر کے فاصلے پر ہو۔

دکان کا کم از کم رقبہ 36 مربع میٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر بلدیہ کے مطابق سڑک کی چوڑائی اور مقام کی درجہ بندی کے لحاظ سے مخصوص شرائط لاگو ہوں گی۔مزید یہ کہ سرمایہ کاروں کو فنی اور معمارانہ تقاضوں کی پابندی کرنی ہوگی جیسے کہ دکان کا بیرونی ڈیزائن سعودی تعمیراتی رہنما اصولوں یا اربن کوڈ کے مطابق ہو، معذور افراد کے لئے ریمپ فراہم کیا جائے، الارم اور آگ بجھانے کے نظام نصب ہوں اور ہواداری، ایئرکنڈیشننگ، روشنی اور آگ سے تحفظ کے لئے سعودی بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد کیا جائے۔

وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ دکانوں کو ضوابط میں بیان کردہ فنی معیارات پر عمل کرنا لازم ہے جن میں مصنوعات کو ملانے، دوبارہ پیک کرنے یا غیر منظور شدہ پیکنگ میں فروخت کرنے کی ممانعت شامل ہے۔دکانداروں پر لازم ہے کہ وہ مصنوعات کے سپلائر کا ثبوت فراہم کریں، 18 سال سے کم عمر افراد کو تمباکو کی فروخت ممنوع ہے، فٹ پاتھ کا استعمال منع ہے، اندرونی و بیرونی نگرانی کے کیمرے نصب کیے جائیں، صفائی برقرار رکھی جائے، فضلہ محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے اور الیکٹرانک ادائیگی کے ذرائع فراہم کیے جائیں۔

وزارت نے یہ بھی ہدایت کی کہ دکانوں کے اندر تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرنے والے انتباہی بورڈز آویزاں کیے جائیں اور لائسنس و نگرانی سے متعلق معلومات کے لئے کیو آر کوڈ بھی ظاہر کیا جائے تاکہ شفافیت اور جانچ میں آسانی ہو۔اس کے علاوہ، تمباکو مصنوعات کی تشہیر، انعام یا مفت نمونوں کی تقسیم پر پابندی ہوگی اور کھلی سگریٹ یا غیر معیاری مصنوعات کی فروخت ممنوع ہوگی۔ بلدیاتی ادارے ان شرائط پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر سزائیں نافذ کریں گے تاکہ نگرانی کو مضبوط، آپریشن کو مثر اور نظامی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے جو بہتر اور منظم شہری ماحول کے قیام میں معاون ہوگا۔