سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے اورکزئی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردی میں ملوث تمام تیس بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 13:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے اورکزئی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردی کے واقعے میں ملوث تمام تیس بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیاہے۔جمعہ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں پیش آنے والے گھناؤنے واقعے میں ملوث خوارج کے خلاف جوابی کارروائیوں کا ایک سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت وطن کے بہادر بیٹے شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایا میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گردی کے واقعے میں ملوث تمام تیس بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ اس کامیاب کارروائی سےاس گھناؤنے فعل کا بدلہ لیا گیا ہے اور اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے بھارتی سپانسر شدہ خارجی کو تلاش کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ائی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔