جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج کا غزہ کے کچھ علاقوں سے انخلا شروع

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:20

رام اللہ /تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر مبنی معاہدے کی منظوری کے بعد جمعہ کے روز اسرائیلی افواج نے غزہ کے بعض علاقوں سے انخلا شروع کر دیا ۔ رائٹرز کے مطابق معاہدے کے تحت 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی نافذ ہو جائے گی جبکہ 72 گھنٹوں کے اندر اندر اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے تمام یرغمالیوں زندہ اور ہلاک ہو جانے والوں کی حوالگی کے فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فورسز نے مشرقی سرحدی علاقوں سے پسپائی اختیار کی، اگرچہ کچھ مقامات پر گولہ باری کی آوازیں سنی گئیں۔ وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں بھی کچھ اسرائیلی فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر سرحد کی جانب روانہ ہو گئے تاہم کچھ فورسز اب بھی موجود ہیں۔غزہ شہر کے ساحلی علاقے میں اسرائیلی فوجی چوکیاں خالی کر دی گئی ہیں جس کے بعد کئی مقامی شہری واپس آنے لگے ہیں۔