کراچی : لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے مالکان کی ضمانت منظور

جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے مالکان کی ضمانت منظور کرلی گئی، سیشن کورٹ نے دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں منہدم ہونے والی عمارت کے مالکان کی ضمانت سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے عمارت کے مالکان رحیم بخش اور تاج محمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سنایا۔یاد رہے کہ اس سے قبل سیشن کورٹ نے دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کی غفلت اور ذاتی فائدے کی خاطر 27 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔

تاہم وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے شواہد توڑ مروڑ کر پیش کیے، ملزمان ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔کیس میں ایس بی سی اے کے 10 افسران کو پہلے ہی سیشن کورٹ سے ضمانت مل چکی ہے، جبکہ ملزمان پر غفلت، لاپرواہی اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔