خواجہ سلمان رفیق کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ ،طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 16:15

خواجہ سلمان رفیق کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ ،طبی سہولیات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے پی آئی ایم ایچ کے او پی ڈی سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے نئی زیر تعمیراو پی ڈی پرجاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور 1ماہ کے اندرمکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

فی میل وارڈ کو بھی اگلی15روزکے اندرمکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 10 اکتوبر کو پوری دنیامیں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا جاتاہے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور پاکستان میں ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ کی سب سے بڑی علاج گاہ ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو ادویات، ڈائیگناسٹکس، رہائش اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کرکے ان کی دعاؤں کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کی ری ہیبلی ٹیشن کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ لوگ صحت مند ہو کر معاشرہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ مینٹل ہیلتھ سروسز میں بہتری لا رہے ہیں۔

پاکستان میں مینٹل ہیلتھ کے کئی مریض رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔ ذہنی مریض کو عام انسان سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ذہنی امراض میں مبتلا مریض ڈس ایبلڈ نہیں بلکہ ڈفرنٹلی ایبلڈ افراد ہیں۔ ذہنی امراض کا شکار مریضوں کی کونسلنگ ہونی چاہئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی مزید بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کو نیکسٹ لیول پر لے جانا چاہتے ہیں۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ 1500 سے زائد بستروں پر مشتمل ہے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے ایڈکشن سنٹر کے بستروں میں بھی مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کا پاکستان میں سب سے بڑا ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ میں ڈاکٹرز کی تعداد کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جارہا ہے۔ حکومت پی آئی ایم ایچ کے ڈاکٹرز کو رہائش فراہم کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔