پبلشنگ انڈسٹری کی جدید خطوط پر ترقی، حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن (PPBA)کے چیئرمین کامران نورانی نے کہا کہ معیاری نصابی مواد کی فراہمی اور پبلشنگ انڈسٹری کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے حکومتی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور کتاب کلچر کے فروغ کے بغیر معیاری تعلیم کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

طلبہ اور اساتذہ میں کتاب سے لگائوبڑھا نے کے لیے آگاہی مہمات اور نصابی و غیر نصابی کتب کی دستیابی کو آسان بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (ERAP) کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ندیم مظہر، جنرل سیکریٹری وقار متین، خزانچی اقبال غزیانی، اقبال صالح، زین اقبال، صلاح الدین اقبال، سلیم عبدالحسین ، سمیر حسین، محمد اویس غازیانی، احسن جعفری، ارسلان متین خان، ناصر حسین خان اور ندیم اختر موجود تھے جبکہ ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر سید محمد عسکری، نائب صدر انور خان، سیکریٹری رانا جاوید سمیت تنظیم کے اراکین اور ردیگر ممبران ر پورٹر تقریب میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تعلیم کے معیار میں بہتری اور مطالعے کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین کامران نورانی نے شرکاء کو پاکستان پبلشرز اینڈ بٴْک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کتب، اشاعت اور خواندگی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔تعلیم کے شعبے میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے، چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بٴْک سیلرز ایسوسی ایشن نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر سید محمد عسکری، نائب صدر انور خان اور سیکریٹری رانا جاوید کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدرسید محمد عسکری نے بھی پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین، وائس چیئرمین، جنرل سیکریٹری اور خزانچی کو ادارے کے تعاون پر شکریہ کے طور پر شیلڈز پیش کیں۔