یونیورسٹی آف سرگودھا اور پی اے ایف ہسپتال مصحف کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ ،معیاری تعلیم اورعملی تربیت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پی اے ایف ہسپتال مصحف کویونیورسٹی آف سرگودھا کے نرسنگ کالج کے تدریسی ہسپتال کے طور پر منسلک کر دیا گیا ہے۔اس معاہدے کا مقصد یونیورسٹی نرسنگ کالج کے طلبہ وطالبات کو عملی تربیت اور کلینیکل ایجوکیشن کے مزید بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پیشہ ورانہ صحت کی دیکھ بھال کے تقاضوں کے مطابق جدید تربیت حاصل کر سکیں۔

معاہدے کے تحت پی اے ایف ہسپتال، نرسنگ کالج کے طلبہ کے لیے بنیادی تربیتی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا ۔معاہدے کے تحت د ونوں اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کلینیکل لائزن کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تدریسی اور تربیتی سرگرمیوں میں بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی۔ نرسنگ کالج کی جانب سے ایک کلینیکل کوآرڈینیٹر مقرر کیا جائے گا جو تربیتی شیڈول اور پاکستان نرسنگ کونسل کے تقاضوں کے مطابق عملی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف سرگودھا پی اے ایف ہسپتال کے نرسنگ سٹاف کے لیے فری اِن سروس تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کرے گی تاکہ ان کے پیشہ ورانہ معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ صبح اور شام کے نرسنگ پروگرامز میں دو دو نشستیں پی اے ایف ملازمین یا ان کے زیرِکفالت افراد کے لیے مختص کی جائیں گی۔معاہدے کے مطابق تعلیمی وانتظامی امور کی ذمہ داری یونیورسٹی آف سرگودھا کے پاس ہوگی، جبکہ پی اے ایف ہسپتال اپنے تمام کلینیکل ڈیپارٹمنٹس، سہولیات اور ماہر عملے کی خدمات نرسنگ طلبہ کی تربیت کے لیے فراہم کرے گا۔

بی ایس نرسنگ پروگرام کے چار سال مکمل کرنے کے بعد ایک سالہ انٹرن شپ بھی پی اے ایف ہسپتال مصحف میں کروائی جائے گی۔یونیورسٹی اور پی اے ایف ہسپتال انتظامیہ نے اس شراکت کو نرسنگ کے میدان میں معیاری تعلیم اورعملی تربیت کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے، جو مقامی اور قومی سطح پر صحت کے شعبے میں مثبت اثرات مرتب کرے گی۔