حکومت صنفی مساوات کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے، وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صنفی مساوات کو یقینی بنانے اور لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے۔ وہ جمعہ کو پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن (پی جی جی اے) ہیڈ کوارٹرز میں لڑکیوں کے عالمی دن 2025ء کی مناسبت سے وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اعظم نذیر تارڑ نے تعلیم، تحفظ اور مساوی مواقع کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک بھر میں لڑکیوں کی سماجی، معاشی اور سیاسی شمولیت کے لیے کوششوں کو تقویت دینے کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا "آج کی لڑکیاں کل کی رہنما ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ایک ایسا ماحول پیدا کریں جہاں ہر لڑکی آزادانہ طور پر خواب دیکھ سکے، اعتماد سے سیکھے اور محفوظ طریقے سے جی سکے۔

(جاری ہے)

" انہوں نے لڑکیوں کے حقوق کے فروغ کے لیے وزارت انسانی حقوق کے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم اور بچوں کے تحفظ سے متعلق وکالت کی مہم، بچوں کی شادی کے خلاف قانون سازی میں اصلاحات اور قانونی و نفسیاتی مدد کے لیے ہیلپ لائن 1099 کا قیام شامل ہے۔اپنے اختتامی کلمات میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لڑکیوں کو بااختیار بنانا ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انھوں نے تمام سٹیک ہولڈرز ، حکومتی اداروں، والدین، ماہرین تعلیم اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں تاکہ ہر لڑکی کو بلا امتیاز اس کے حقوق حاصل ہوں۔تقریب میں پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے نمائندوں، سکول کی طالبات، اساتذہ، سول سوسائٹی کے ارکان اور وزارت انسانی حقوق کے حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستانی لڑکیوں کی کامیابیوں و امنگوں کا جشن منایا اور اس دن کی مناسبت کو اجاگر کرتے ہوئے خاکے، تقاریر اور گانے پیش کیے۔تقریب کا اختتام تمام لڑکیوں کے لیے ایک محفوظ، مساوی اور جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عہد کے ساتھ ہوا۔