قدرتی آفات، تنازعات اور نقل مکانی جیسے حالات میں ذہنی صحت کو پہلی ترجیح دی جانی چاہیے، چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک کا ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2025 کے موقع پر پیغام

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک نے کہا ہے کہ ذہنی صحت دراصل زندگی کی دیکھ بھال ہے اور یہ کہ قدرتی آفات، تنازعات اور نقل مکانی جیسے حالات میں ذہنی صحت کو پہلی ترجیح دی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج جب ہم عالمی سطح پر ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لئے اس دن کو منا رہے ہیں، ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران ذہنی صحت کی دیکھ بھال اور لوگوں کی مدد کرنا انتہائی ضروری ہے، ہلال احمر پاکستان اپنے پارٹنر اداروں کے ساتھ مل کر کمیونٹی سطح پر ان افراد کی معاونت کر رہا ہے جو ذہنی طور پر کمزور یا پریشان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے 1030 ہیلپ لائن اور موبائل ہیلتھ یونٹس جیسے اقدامات اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ نہ صرف ہنگامی حالات میں لوگوں کو تحفظ حاصل ہو بلکہ بحالی کے دوران وہ امید، استقامت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ سرشار رہیں گی اور کسی بھی فرد کی عزت و احترام کو مقدم رکھیں گی۔