بھارت افغانستان میں دوبارہ اپنا سفارتخانہ کھولے گا، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر

بھارت، اب کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو سفارتخانے کی سطح پر اپ گریڈ کرے گا، افغان ہم منصب سے گفتگو

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اعلان کیا ہے کہ بھارت, کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو اپ گریڈ کر کے اسے سفارتخانے میں تبدیل کرے گا۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق سبرامنیم جے شنکر نے یہ بات اپنے افغان ہم منصب امیر خان متقی کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے دوران کہی، رپورٹ کے مطابق جے شنکر نے کہا کہ بھارت، اب کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو سفارتخانے کی سطح پر اپ گریڈ کرے گا۔

(جاری ہے)

انڈین ایکسپریس نے جے شنکر کے حوالے سے لکھا کہ ‘آپ کا دورہ بھارت، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم پیش رفت ہے، افغانستان کے عوام کے خیر خواہ کی حیثیت سے بھارت آپ کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، آج میں اس دیرینہ شراکت داری کی توثیق کرتا ہوں جو افغانستان میں متعدد بھارتی منصوبوں کی مدد سے مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔یاد رہے کہ امیر خان متقی کا یہ دورہ 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی طالبان رہنما کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔