وفاقی وزیر صحت کا چینی اور جرمن فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ اجلاس ، ادویات کی تیاری میں تعاون ، ٹیکنالوجی کی منتقلی کا جائزہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفیٰ کمال نے چینی اور جرمن فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ ادویات کی مقامی تیاری میں تعاون ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدی توسیع کے امکانات کے جائزہ کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس کے دوران ادویات کی تیاری کے لئے پاکستان کی استعداد بڑھانے اور مقامی مارکیٹ میں جدید فارماسیوٹیکل ٹیکنالوجیز متعارف کرانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

جرمن کمپنی نے وفاقی وزیر کو ذیابیطس کے علاج میں جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبہ طویل المدتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی فارماسیوٹیکل کمپنی کے نمائندوں نے مشترکہ تحقیقی اقدامات ، کم لاگت اوراعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 10 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کے ساتھ ادویات کی جدید مینوفیکچرنگ کے منصوبوں کا اعلان کیا ،وفاقی وزیر نے مجوزہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ،انہوں نے دونوں کمپنیوں کو مرحلہ وار سرمایہ کاری اور عملدرآمد منصوبوں کی دعوت دی اور حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل ریگولیٹری اور پروسیجرل تعاون کا یقین دلایا۔