پاکستان ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری شعیب سرور کی حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کے مزار پر حاضری، روایتی چادر چڑھائی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 09:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری شعیب سرور نے دیگر پاکستانی سفارت کاروں کے ہمراہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کے 722ویں عرس کے موقع پر مزار پر روایتی چادر چڑھائی۔پاکستان ہائی کمیشن کے جاری بیان کے مطابق سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

چادر پوشی کے بعد وفد نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔وفد نے مزار کے احاطے میں حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر بھی حاضری دی ۔ اس موقع پر سجادہ نشین نے روایتی دستاربندی بھی کی۔اس موقع پر شعیب سرور نے کہا کہ صوفیا کرام کے مزارات امن، روحانیت اور انسانیت کی خدمت کے مراکز ہیں جو بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد اور محبت کے پیغام کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ صوفیاء کی تعلیمات آج بھی اتنی ہی اہم اور قابل عمل ہیں جتنی صدیوں پہلے تھیں۔