کانگریس کاجموں میںریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے دستخطی مہم کا آغاز

ریاستی حیثیت کی مسلسل انکار کوئی انتظامی ضرورت نہیں بلکہ بی جے پی کے سیاسی مقاصد کے تحت ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے،رمن بھلا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 14:25

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس نے ریاست کی مکمل حیثیت کی بحالی کے مطالبے کیلئے جموں کے مختلف علاقوں میں دستخطی مہم کا آغاز کردیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہم کے آغاز پر کانگریس کے قائم مقام صدر رمن بھلا نے بی جے پی کی قیادت والی بھارتی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے جمہوری اور آئینی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حیثیت کی مسلسل انکار کوئی انتظامی ضرورت نہیں بلکہ بی جے پی کے سیاسی مقاصد کے تحت ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے، جس سے عوام میں گہری مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔رمن بھلا نے کہا کہ بی جے پی نے اب تک جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ نہیں دیا جو عوام کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے یہ فیصلہ عوامی فلاح کے بجائے سیاسی مفاد کیلئے کیا ہے جس کے نتیجے میں لوگ محرومی، نظراندازی اور بے بسی کا شکار ہیں۔

انہوں نے جموں کے علاقے سے منتخب 28 بی جے پی ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے جموں کی ترقی یا عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔رمن بھلا نے اعادہ کیا کہ کانگریس جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے سیاسی و آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔دستخطی مہم جموں کے مختلف علاقوں میں کانگریس رہنماؤں کی زیر نگرانی جاری ہے۔