پاکستان وجنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کررہی ہے جو اسوقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بھی ہے۔ترجمان کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل بروز اتوار سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلیں گی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں جبکہ ٹیمبا باووما کے ان فٹ ہونے کے سبب مہمان ٹیم کی قیادت ایڈین مارکرم کررہے ہیں۔پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کی یہ خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ چیمپئن شپ جیتے، اس وقت ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم چیمپئن شپ کا آغاز اچھے طریقے سے کریں ،ہمارے سامنے وہ ٹیم ہے جس نے یہ چیمپئن شپ جیتی ہوئی ہے اور ہم اس ٹیم کے خلاف اپنی ہوم کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں جو ہمارے لیے ایک اچھا موقع ہے۔

(جاری ہے)

شان مسعود نے مزید کہاکہ کسی بھی چیمپئن شپ میں کھیلتے ہوئے آپ کی صلاحیتوں کا امتحان ہوتا ہے اور یہ ہمارے لیے خود کو پرکھنے اور آزمانے کا اچھا موقع فراہم کررہی ہے۔جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈین مارکرم کا کہنا ہے کہ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز پاکستان کے ساتھ کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں، یہ ایک نیا آغاز اور تمام کھلاڑی صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری جبکہ پہلے ٹیسٹ میں آن فیلڈ امپائر آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر بران ہونگے۔اسی طرح بنگلہ دیش کے سیکت شرف الدولہ تھرڈ امپائر اور پاکستان کے فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے،دونوں ٹیسٹ میچوں میں جنرل ،فرسٹ کلاس ،پریمیئم اور وی آئی پی کے انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان30 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے6 اور جنوبی افریقہ نے17 جیتے جبکہ 7 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔پاکستان کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان نے3 اور جنوبی افریقہ نے2 جیتے ہیںجبکہ4 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں،دونوں کے درمیان پاکستان میں آخری ٹیسٹ سیریز 2021 میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے دو صفر سے جیتی تھی۔ترجمان کے مطابق پاکستانی سکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میںشان مسعود ( کپتان ) عبداللہ شفیق، ابرار احمد، آصف آفریدی، بابراعظم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، روحیل نذیر، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔