سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بار انتظامیہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن مظفرآبادکی جانب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی انتظامیہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، سابق سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، سابق وزیر قانون عبدالرشید عباسی ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کرنے پر سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ بار ایسوسی ایشنز نے ہمیشہ جمہوری اقدار کو زندہ رکھا اور ہر قسم کے حالات میں انتخابات کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی انتظامیہ نے اس عرصے کے دوران وکلاء کی فلاح وبہبود اور عدلیہ کے وقار کی بحالی کیلئے بہترین کردار ادا کیا۔ بار اور بنچ کا چولی دامن کا ساتھ ہے، بارایسوسی ایشنز کا سب سے بڑا کام عدلیہ اور بار کے تعلقات کو مثالی بنانا ہے۔ آئین کے اندر رہتے ہوئے وکلاء کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ کامیاب گولڈن جوبلی کانفرنس کے انعقاد میں وکلاء کا کردار قابل ستائش ہے، موجودہ صورتحال میں ہماری ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں ۔

سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم خان، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان و دیگر مہمانوں کا الوداعی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں،بار اور بنچ آپس میں لازم و ملزوم ہیں اور ایک خاندان کے طور پر کام کرتے ہیں، عدلیہ کے وقار پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے جوڈیشل کانفرنس کی گولڈن جوبلی کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران کو بہترین خدمات پر تعریفی اسناد بھی دیں۔