ٹریفک پولیس ، ایکسائز ودیگرسرکاری عملہ عوام کو مختلف حیلوں وبہانوں سے تنگ کررہے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں محکمہ ایکسائز کے دفتر میں کرپشن وکمیشن اور شہریوںکو اذیت سے دوچار کرنے کے ناروا اقدامات کی شدیدا لفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جانب بین الصوبائی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز ، عوام کو تنگ کیا جارہا ہے دوسری جانب کوئٹہ شہر میں ٹریفک پولیس ، ایکسائز ودیگرسرکاری عملہ عوام کو مختلف حیلوں وبہانوں سے تنگ کررہے ہیں۔

فارم 47کی صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری خزانے سے لاکھوں ، کرورڑوں روپے کے اشتہارات کے ذریعے دیئے جارہے ہیں لیکن جب شہری ایکسائز دفتر اپنے فائل کے لیے جاتے ہیں تو ٹال مٹول سے کام لیا جاتاہے۔ ریٹرن فائل کی سرکاری چالان فیس 500روپے ہے جبکہ محکمہ ایکسائز کے دفتر میں مامور کلرک ودیگر سٹاف 12ہزار روپے لے رہے ہیں اسی طرح فائل کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد مزید 10ہزار روپے لینے کی کوشش کرتے ہیں ہزاروں روپے لینے کے باوجود بھی کئی کئی مہینے فائل نہیں دی جاتی اور شہریوں کو دفتر کے چکر لگانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک جانب ڈیجیٹلائزنظام کی بڑی بڑی باتیں کی جارہی ہے دوسری جانب ایکسائز کے دفتر میں جاری لوٹ کھسوٹ اور فائل کی ادائیگی میں تاخیری حربوں نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ بیان میں صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر جاری کرپشن و کمیشن، رشوت خوری ، تاخیری حربوں اور عوام کو تنگ کرنے کا نوٹس لیکر متعلقہ سٹاف کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :