بھارت :جھارکھنڈ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سی آر پی ایف اہلکار ہلاک، دو شدید زخمی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:50

رانچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل ہلاک اور دو افسرشدید زخمی ہو گئے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت مہندر لاسکر کے طورپر ہوئی ہے جوریاست آسام کا رہائشی تھا جبکہ دھماکے میں انسپکٹر کوشل کمار مشرا اور سب انسپکٹر رام چندر گوگی زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مائو نواز گوریلوں نے جو ایک آزاد ریاست کا مطالبہ کر رہے ہیں، بھارت کی پانچ ریاستوں میں 8سے 14اکتوبر تک''ہفتہ مزاحمت ''منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جھارکھنڈ، بہار، مغربی بنگال، آسام اور چھتیس گڑھ میں بھارتی فورسز اور نئی دہلی کی بی جے پی حکومت کے جبر کے خلاف 15اکتوبر کو ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔دریں اثناء آسام پولیس بٹالین کے ایک اہلکار نے جس کی شناخت روپل برمن کے طور پر ہوئی ہے ،بھارت-بنگلہ دیش سرحد کے قریب مہادیو پور سرحدی چوکی پر خودکشی کر لی۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ اہلکارنے بیرک کے اندر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار دی۔ اسے ساتھی اہلکاروں نے کیلاش اسپتال لے جایا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔