بلدیہ مظفرآباد نے اپرچھتر ہاوسنگ اسکیم کے قبرستان اور رابطہ سڑک کو بھی فروخت کردیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) بلدیہ مظفرآباد نے اپرچھتر ہاوسنگ اسکیم کے قبرستان اور رابطہ سڑک کو بھی فروخت کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مہتمم جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ اپر چھتر مولانا قاضی محمود الحسن اشرف نے کہا ہے کہ علی اکبر اعوان اسکول کے جانب مغرب 8 کنال رقبہ گزشتہ ایک صدی سے قبرستان کے لیے مختص تھا۔

ماسٹر پلان میں بھی یہ رقبہ قبرستان کے لیے ہی مختص تھا۔ پی پی ایچ تعمیرات عامہ سے 1998 میں اپر چھتر ہاؤسنگ اسکیم بلدیہ مظفر آباد کو بدیں شرائط انتظام و انصرام منتقل کیا کیا کہ وہ ماسٹر پلان اور پی سی ون کے قوانین کی سختی سے پابندی کریں گے اور تمام آمدن کو حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے پابند ہونگے۔زلزلہ 2005 کے بعد حکومت نے انٹرنیشنل معیار کیمطابق ماسٹر پلان مرتب کر کے ترقیاتی ادارہ اور بلدیہ مظفرآباد کو ان بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

لیکن 2014 میں کمشنر مظفر آباد وقت، چیف آفیسر اور اسٹیٹ آفیسر بلدیہ مظفر آباد نے مبینہ طور پر ماسٹر پلان کا حلیہ بگاڑتے ہوئے اپر چھتر کے قبرستان اور رابطہ سڑک بھی فروخت کر دیے۔انہوں نے ثبوت کے طور پر ایک نقشہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیر نظر تصویر میں علی اکبر اعوان اسکول کے جانب مغرب قبرستان اور رابطہ سڑک جو اپر چھتر ہاوسنگ اسکیم سے لوئر چھتر سول سیکرٹریٹ کے لیے زرعی بینک اور نیشنل بینک کے ساتھ سے سیکرٹریٹ اور راولپنڈی روڈ کے لیے عوامی مفادات میں محکمہ تعمیرات عامہ نے 1988 میں نکاسی کی تھی بلدیہ مظفرآباد کے چیف آفیسر اسٹیٹ آفیسر وغیرہ نے سیکرٹریٹ کے عقب میں بھی فرضی کمیشن بنا کر جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ جامع مسجد خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم لینک روڈ گرین ایریا اور قبرستان پر مافیا کو قبضہ کروانے کی کوشش کی۔

جسے اگرچہ بورڈ آف ریونیو فل بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر عدالت ہاء کی طرف سے منسوخ کر دیا ہے لیکن بلدیہ مظفرآباد کی طرف سے تاحال غیر قانونی طور پر تسلیم کرنے سے نہ صرف انکاری ہیں بلکہ عوام علاقہ سے غلط بیانی کرتے ہوئے مساجد و مدارس کی توہین کروانے کے ساتھ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ عوام علاقہ اپر چھتر ہاؤسنگ سکیم ماڈل سائنس کالج کے طلبہ سنڈھ گلی مہاجر کالونی سمیت سول سوسائٹی اور مساجد میں جمعہ المبارک کے اجتماعات میں بھی عوام علاقہ کی طرف سے چیف سیکرٹری آذاد ریاست جموں و کشمیر اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ماسٹر پلان پر سختی سے پابندی کروائی جائے اور اپر چھتر ہاؤسنگ سکیم لوئر چھتر سمیت دیگر ہاؤسنگ سکیم ہاء مظفرآباد میں ماسٹر پلان کے خلاف تعمیرات کرانے والے بلدیہ مظفرآباد کے چیف آفیسر، اسٹیٹ آفیسر سمیت دیگر سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انھوں نے کہا ہے کہ ماسٹر پلان کے مغائر تعمیرات کروا کر بلدیہ مظفرآباد نے سٹی کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ خدا نہ کرے زلزلہ یا کسی بھی آفات سماوی کی صورت میں شدید جانی و مالی نقصان یقینی ہے۔ سول سوسائٹی نے چیف سیکرٹری اور احتساب بیورو کے چیرمین سے بلدیہ مظفرآباد کیطرف سے ماسٹر پلان کے مغائر اور مفاد عامہ کی جگہوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے عمل پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب مہتم جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ کا کہنا تھاکہ کہ نیشنل بینک آف پاکستان سے زرعی ترقیاتی بینک تک جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ جامع مسجد خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نزد ختم نبوت چوک مظفر آباد آزاد کشمیر کے لیئے محکمہ تعمیرات عامہ کے زریعے تمام قانونی لوازمات کے ساتھ رقبہ قیمت ادا کر کے حاصل کیا گیا ہے اور تمام عدالتوں سے دارالعلوم کے حق میں فیصلہ جات بھی ہوے ہیں۔