عوامی خدمت ہمارا مشن ہے، نواں کلی زرغون آباد میں ترقیاتی منصوبوں کا جلد آغاز کیا جائے گا،صوبائی وزیر

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔ نواں کلی زرغون آباد فیز 1 سمیت حلقہ پی بی-39 میں عوامی ترقیاتی منصوبوں کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج نالیاں اور سڑکوں کی تعمیر جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔

یہ بات اتوار کے روز انہوں نے پیپلز پارٹی علاقائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں کارکنان، بزرگ عمائدین، عوام اور نوجوانوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے فردا فردا ہر شریک سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی اعتماد کی حامل جماعت ہے، جو ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم گفتار پر نہیں کردار پر یقین رکھتے ہیں، اور ہمارا مقصد حلقے میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھولنا ہے۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح عوام کو صاف پانی، بہتر سڑکیں، صحت و صفائی کے نظام کی بہتری اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو نہ صرف سہولیات میسر آئیں بلکہ ان کے لیے باعزت روزگار کے راستے بھی کھلیں۔صوبائی وزیر نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور پارٹی کے پیغامِ خدمت کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ پیپلز پارٹی کی عوامی بنیاد مزید مضبوط ہو۔